Aaj News

کراچی میں سڑکوں کی مرمت کا کام شروع ہوچکا، وعدہ ہے 2 ماہ میں تیار ملیں گی، مرتضیٰ وہاب

سڑکوں کی تعمیر میں سست روی کہ وجہ بارش کی پیش گوئی ہے، مئیرکراچی کی "آج نیوز" سے گفتگو
شائع 03 ستمبر 2025 07:58pm

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام یکم ستمبر سے شروع کر دیا گیا ہے اور وعدے کے مطابق دو ماہ کے اندر تمام سڑکیں مکمل کر دی جائیں گی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں سست روی کی وجہ بارش کی پیش گوئی ہے، تاہم منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے تحت 106 سڑکوں پر پہلے لیولنگ اور پھر کارپیٹنگ کا کام کیا جا رہا ہے، جو بارش کے بعد مکمل ہوگا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ”فاروق ستار صاحب مشورے کی بات کرتے ہیں، مگر میں ان سے کیا مشورہ لوں؟ کیا وہ انجینئر ہیں؟ کیا وہ وفاقی وزیر ہیں؟“

میئر کراچی نے شکایت کی کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں عدم دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ”گورنر صاحب نے سو ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر میں آج تک اس کا انتظار کر رہا ہوں۔“

مرتضیٰ وہاب نے ریڈ لائن منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کچھ تکنیکی مسائل ہیں، اور ممکن ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید دو سال لگ جائیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے عوام کی تنقید کو ”جائز“ قرار دیا اور کہا کہ کوشش ہے کہ جنوری کے آخر تک سڑکیں کلیئر کر دی جائیں۔

میئر کراچی نے بتایا کہ شہر میں بارش کے پانی سے نمٹنے کے لیے چار مقامات پر رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سوا 3 لاکھ گیلن گنجائش والے رین ہارویسٹنگ ٹینک بھی بنائے گئے ہیں، جن میں سے تین مکمل طور پر فعال ہیں۔

Murtaza Wahab

Road repair work

has begun in Karachi

I promise it will be

ready in 2 months