امریکی ایئرپورٹ پر 2 طیارے آپس میں ٹکرا گئے،ایک شخص ہلاک ،3 شدید زخمی

تصادم لینڈنگ کی کوشش کے دوران پیش آیا، تحقیقات کا آغاز کردیا، فیڈرل ایوی ایشن
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2025 11:48pm

امریکا کے فورٹ مورگن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب ایک انجن والے دو چھوٹے طیارے پرواز کے دوران فضا میں ہی آپس میں ٹکرا گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خوفناک تصادم اُس وقت پیش آیا جب دونوں طیارے ایئرپورٹ کے رن وے پر لینڈنگ کی کوشش کر رہے تھے۔

فیڈرل ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ دونوں چھوٹے طیاروں میں دو، دو افراد سوار تھے حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگیا۔

تاہم عینی شاہدین اور ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ ایک زخمی نے اسپتال پہنچنے کے بعد دوران علاج دم توڑ دیا۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے والوں میں ایک اور زخمی کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مقامی میڈیا کی ویڈیو فوٹیج میں ایک طیارہ رَن وے کے قریب مکمل طور پر تباہ دکھائی دیا جس کے ارد گرد سیاہ راکھ اور تیل کے نشانات موجود تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ طیاروں کے تصدام کے بعد آسمان پر کالا دھواں اور آگ کے شعلے دیکھے گئے جس پر ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا تھا۔