Aaj News

لاہور میں تعلیمی ادارے کل سے کھلیں گے یا نہیں؟ نوٹیفکیشن جاری

والدین اور طلباء اسکولوں کی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں، ڈی سی لاہور
اپ ڈیٹ 31 اگست 2025 01:46pm

ڈپنی کمشنر لاہور نے صوبائی دارالحکومت میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اتوار کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہر لاہور کے 45 اسکولز کے علاوہ دیگر تمام اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے شروع ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کیے جانے کے باعث لاہور کے 45 اسکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز صورتحال بہتر ہونے پر کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مانگا منڈی، چوہنگ، سگیاں کے سرکاری اسکولز بند رہیں گے، والدین اور طلباء اسکولوں کی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

اس کے علاوہ شاہدرہ، بند روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ کے اسکول بھی بند رہیں گے جبکہ شاہ پور کانجراں، رنگیل پور، موہلنوال کے اسکول بھی بند رہیں گے۔

دوسری جانب سیلاب کے باعث جامعہ پنجاب میں کلاسز کا آغاز ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کلاسز کا آغاز ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے، پنجاب یونیورسٹی میں یکم تا 7 ستمبر زیرو ویک ہو گا، تاہم ہاسٹلز کی الاٹمنٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ترجمان جامعہ پنجاب نے مزید کہا کہ کلاسز کا آغاز 8 ستمبر سے ہو گا۔

School closed

Floods 2025

lahore schools reopen

only flood affected areas