Aaj News

پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی سے متعلق سلمان اکرم راجہ کا بڑا فیصلہ

کل عمران خان سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جاؤں گا، پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل
شائع 25 اگست 2025 06:27pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں اپنا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل میں عمران خان سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جاؤں گا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے، میری زندگی کھلی کتاب ہے، میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں۔ فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ مجھے قبول نہیں، میری وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کے بقول میں کوئی روایتی سیاست دان نہیں، نہ جاگیردار نہ مل اونر تاہم میرا مختصر خاندان میرے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم نے پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر قسم کے رقیق حملوں کو سہا ہے، کوئی ملال نہیں۔ اپنی بھرپور وکالت کو پس پشت ڈال کر معاشی بے یقینی کو بخوشی قبول کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پچھلے منگل علی بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے عمران خان کو درخواست بھیجی تھی کہ پارٹی ممبران کو بے تحاشہ ناحق سزاؤں کے پیش نظر مجھے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹ کر قانونی معاملات پر توجہ مرکوز کرنے دی جائے۔ خان صاحب نے میری درخواست منظور نہ کی۔ میں انکے اعتماد پر شکر گزار ہوں۔

imran khan

salman akram raja

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)