Aaj News

کراچی میں دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ برآمد

مشکوک شاپر سے زنگ آلود 30 بور پستول، ایک ریوالور اور مختلف اقسام کے درجنوں کارتوس بھی ملے، پولیس
شائع 22 اگست 2025 09:58pm

کراچی کے علاقے کورنگی کازوے کے قریب برساتی نالے سے دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ پولیس نے برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق مشکوک شاپر سے زنگ آلود 30 بور پستول، ایک ریوالور، 7 عدد دستی بم اور مختلف اقسام کے درجنوں کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کسی نے اسلحے اور دھماکا خیز مواد سے بھرا ہوا بیگ ندی میں پھینک دیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کر لیا گیا، جس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ 7 دستی بم، 30 بور پستول، ریوالور، گولیاں برآمد ہوئی ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوع طلب کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ کسی تخریبی کارروائی میں استعمال ہو سکتا تھا، تاہم ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

korangi

Karachi Crime