نو مئی مقدمات: لاہور پولیس نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا
لاہور پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب کے مطابق علیمہ خان کے صاحبزادے شیر شاہ کو پنجاب پولیس نے حراست میں لیا ہے جس کی انہوں نے مذمت بھی کی ہے۔
اس سے قبل پنجاب پولیس نے علیمہ خان کے صاحبزادے شاہ ریز خان کو جمعرات کو نو مئی کے مقدمات کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور جمعہ کو انہیں ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے مقامی عدالت میں پیش کیا تھا۔
شاہ ریز خان کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ کے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ اپنے بھائی کی پیشی کے لیے عدالت آئے تھے، جس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچے جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق شیر شاہ کے خلاف نو مئی واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شاہ ریز عدالت میں پیش
لاہور میں نو مئی 2023 کے مقدمات میں ملوث سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز عظیم کو پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد آج عدالت میں پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گری کی عدالت نے نو مئی جناح ہاؤس کے مقدمے میں عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت کی کارروائی
اے ٹی سی کے جج منظرعلی گل نے پولیس کے جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔
شاہ ریز خان کو پولیس کے جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے جناح ہاوس کیس کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم شاہ ریز خان تئیس ستمبر 2023 سے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ہے۔ ملزم کو ضمنی بیانات کی روشنی میں مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ عدالت ملزم کا تیس روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم نے شاہ ریز خان کے حق میں عدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ ریز کبھی اس کیس میں ملزم نہیں رہا۔ صرف ہمیں ہراساں کرنے کے لیے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ اگر ملزم نامزد تھا تو گرفتاری میں 27 ماہ کیوں لگے؟ یہ گرفتاری صرف عمران خان کی ضمانتیں منظور ہونے کا ردعمل ہے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
یاد رہے اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد رعایت کے مستحق نہیں ہیں، قانون سب کے لیے یکساں ہے۔
نو مئی مقدمات میں ضمانت کے بعد کیا عمران خان کی رہائی ممکن ہو پائے گی؟
بیٹے کی گرفتار پر علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ 4 مسلح نقاب پوش ان کے بیٹے شاہ ریز کو گھر سے اغوا کرکے لے گئے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو سادہ کپڑوں میں ملبوس 4 مسلح افراد نے گرفتار کیا جو کچن کے راستے گھر میں داخل ہوئے، ان کا بیٹا اپنی بیوی اور والدکے ساتھ گھر کی بالائی منزل پر تھا، مسلح افراد نے گھر میں ڈائیورز کو بھی ہراساں کیا۔
واضح رہے گزشتہ روز ہی سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔