Aaj News

حماس نے مصر اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی کی نئی تجویز قبول کرلی

منصوبے کے تحت 60 روزہ جنگ بندی کے دوران حماس 25 یرغمالیوں کو دو مراحل میں رہا کرے گی
اپ ڈیٹ 18 اگست 2025 10:30pm

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مصر اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی کی نئی تجویز قبول کر لی۔

حماس کے ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ تنظیم نے مصر اور قطر کی طرف سے پیش کی گئی جنگ بندی کی ایک نئی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔ یہ دونوں ممالک گروپ اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

فلسطینی مذاکراتی ذرائع کے مطابق مصر اور قطر کی جانب سے پیش کردہ یہ منصوبہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے فریم ورک پر مبنی ایک جامع دو مرحلوں پر مشتمل تجویز ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے دباؤ پر بات چیت کی۔

امریکا کے ساتھ ثالثی کرنے والے مصر اور قطر کی کوششیں اب تک پائیدار جنگ بندی کو حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

پیر کے روز ایک علیحدہ فلسطینی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ثالثوں نے ابتدائی 60 دن کی جنگ بندی اور یرغمالیوں کو دو مرحلوں میں رہا کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

فلسطینی مذاکراتی ذرائع کے مطابق مصر اور قطر کی جانب سے پیش کردہ یہ منصوبہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے فریم ورک پر مبنی ایک جامع دو مرحلوں پر مشتمل تجویز ہے۔

منصوبے کے تحت حماس تقریباً 50 میں سے نصف اسرائیلی یرغمالیوں کو جن میں سے 20 کے زندہ ہونے کا یقین ہے 60 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران دو مراحل میں رہا کرے گی۔

اس پیشرفت پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

غزہ: امداد کے منتظر افراد پراسرائیلی فوج کی فائرنگ،2 بچوں سمیت 57 فلسطینی شہید

غزہ میں امداد لینے والوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ فائرنگ اور بمباری سے مجموعی طور پر 57 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے امداد کے منتظر 38 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ ال اہلی ہسپتال پر بھی بمباری ہوئی جس میں بھی شہادتیں ہوئیں، صبح سے اب تک مجموعی طور پر 57 فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک اور قحط کے باعث مزید 11 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد بھوک سے شہید ہونے والوں کی تعداد 251 ہو گئی ہے۔ جن میں 108 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ پر قبضہ کرنے کے لیے کارروائیاں تیز

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ پر قبضہ کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں، اسرائیل شمالی غزہ سے 10 لاکھ سے زائد فلسطینی شہریوں کو جبراً جنوبی غزہ میں دھکیل رہا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل میں ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کی کال پر تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

تل ابیب میں فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر بھی بڑی تعداد میں مظاہرین نے احتجاج کیا جبکہ اسرائیلی مظاہرین نے سڑکوں پر آگ لگا کر متعدد شاہراہیں بھی بلاک کردیں۔

اسرائیلی مظاہرین نے جنگ روکو، یرغمالیوں کو واپس لاؤ کے پلےکارڈ اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے غزہ میں جنگ روکو کے نعرے لگائے۔

report

Hamas accepts

new ceasefire proposal