Aaj News

لکی مروت: پولیس اہلکاروں کے گھروں پر دہشت گردوں کے حملے، گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ

لکی مروت کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ
شائع 13 اگست 2025 11:40am
علامتی تصویر: اے ایف پی
علامتی تصویر: اے ایف پی

لکی مروت میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات نے علاقے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک طرف دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملے شروع کردیے ہیں۔ تو دوسری جانب تھانہ لکی سٹی کی حدود بھانہ منجی والہ کے قریب گیس پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے نتیجے میں پائپ لائن مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

واقعے کے بعد پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

دوسری جانب ضلع لکی مروت کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

گاؤں جابوخیل میں سندھ پولیس میں تعینات انسپکٹر مثل خان کا گھر نذر آتش کر دیا گیا، جبکہ گاؤں شیری خیل میں پولیس اہلکار عصمت اللہ کا گھر بھی جلا دیا گیا۔

ان واقعات میں گھروں کا قیمتی سامان، موٹرسائیکل کے پرزے اور ایک کار خاکستر ہوگئی، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

اس کے علاوہ دہشتگردوں نے ایک ٹیوب ویل پر نصب 30 سولر پینلز بھی توڑ دیے۔

ان مسلسل دہشتگردانہ کارروائیوں نے لکی مروت کے عوام میں شدید عدم تحفظ اور خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔

Lakki Marwat

gas pipeline blast

Attack on Police Personnels' Houses