Aaj News

سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

متعدد علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
شائع 12 اگست 2025 09:27am

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت کے مختلف علاقوں میں سنیچر تک جاری رہنے والی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

’گلف نیوز‘ کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) نے آئندہ دنوں میں مملکت کے کئی علاقوں میں شدید موسمی تغیرات کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے بعض مقامات پر درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جن کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے نتیجے میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈنگ) کا خدشہ ہے، خاص طور پر نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید برآں، مدینہ، تبوک، الجوف، شمالی سرحدی علاقے اور نجران میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ ریاض، قصیم اور مشرقی صوبے میں گرد آلود ہوائیں، ہلکی گرج چمک اور جزوی طور پر ابرآلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سمندری علاقوں میں بھی خبردار رہنے کی تاکید

محکمہ موسمیات کے مطابق ’بحر احمر‘ کے شمالی حصے میں ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت جبکہ مرکزی اور جنوبی علاقوں میں جنوب مغرب سے جنوب کی سمت چلیں گی، جن کی رفتار 12 سے 42 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، بعض مقامات پر یہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

گرج چمک والے بادلوں کی موجودگی میں لہروں کی بلندی ’آدھے میٹر سے لے کر دو میٹر‘ تک جا سکتی ہے، جس سے سمندری حالات میں تبدیلی متوقع ہے۔

اسی طرح ’خلیج عرب‘ میں ہوائیں جنوب مشرق سے جنوب کی سمت چلیں گی، جن کی رفتار 10 سے 26 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ یہاں لہریں آدھے میٹر سے ایک میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں، تاہم عمومی طور پر سمندر کی حالت ’پرسکون‘ رہنے کی امید ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات

محکمہ شہری دفاع اور موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور وادیوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور سوشل میڈیا یا افواہوں پر انحصار کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

Saudi Arabia

Rain prediction

Weather Updates