بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے اپنے ایئر چیف کا بیان مضحکہ خیز قرار دیدیا
بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے بھارتی ایئر چیف کا پاکستان کے 6 طیارے گرانے کا بیان مضحکہ خیز قرار دیدیا، کہا اے پی سنگھ اپنے الزامات کی تائید میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کرسکے۔ بغیر ثبوت دعویٰ بھارتی فضائیہ میں کمان کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان کے ایف سولہ جہاز گرانے کا بیان دیا تھا۔
معروف تجزیہ کار پراوین ساہنی نے کہا کہ ایئر چیف اے پی سنگھ کا بیان کسی طرح درست نہیں لگتا ، اس میں بہت سی خامیاں ہیں اور بہت سی باتیں واضح نہیں ہے، ایسا محسوس ہوتاہے کہ کسی نے آخری لمحے میں ایئر چیف کو ہدایت کی ہو کہ اپنی تقریر میں یہ باتیں شامل کر لو، ایئر چیف بتائیں اگر کچھ ہواہے تو اس کے ثبوت کہاں ہیں، تباہ ہونے والے طیارے کہاں ہیں ، اگر واقعی کچھ ہواہے تو عوام کو بتائیں۔
آپریشن سندور: بھارتی ایئر چیف کا 3 ماہ بعد پاکستان کے 5 لڑاکا اور ایک جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
پرواین ساہنی کا کہناتھا کہ وہ پانچ لڑاکا طیارے کون سے تھے ، کیا وہ جے 10 تھے، جے ایف 17 تھے یا ایف 16 تھے ؟ یہ سب چیزیں ایسی ہیں جو کسی بھی ایئر چیف کو معلوم ہونی چاہئیں۔
ساہنی نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ سربراہ نے اپنے الزامات کی تائید میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فضائیہ کی سرکاری پریس ریلیز میں بھی ایسے دعوے شامل نہیں تھے جو ایئر چیف نے عوامی خطاب میں کیے۔
پراوین ساہنی نے ایک اہم سوال اٹھایا کہ اگر بھارت نے ایف-16 طیارے کو ہوا میں یا ہینگر میں نشانہ بنایا ہے تو تین ماہ تک دنیا کو اس کا علم کیسے نہیں ہوا؟ کیونکہ ایسے جدید طیارے کی تباہی سیٹلائٹ تصاویر، انٹیلی جنس رپورٹس اور عالمی میڈیا کے ذریعے جلد ہی سامنے آ جاتی۔
چینی تھنک ٹینک نے پاکستانی طیارے گرانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا
ساہنی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فضائیہ سربراہ نے تباہ کیے گئے طیاروں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، جس کی وجہ سے ان کے دعوے مشکوک لگتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک الجھی ہوئی اور دیر سے کی گئی بیان بازی ہے، جو پاکستان کی طرف سے حالیہ ناکامی کے بعد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے 7 مئی کو ہونے والی فضائی لڑائی کے فوراً بعد بھارتی لڑاکا طیاروں کے بارے میں تفصیلات جاری کیں، جن میں ایک رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے بھارتی طیارے کی کاکپٹ کمیونیکیشن کی آڈیو بھی جاری کی جو انہوں نے مبینہ طور پر انٹرسپٹ اور ڈی کوڈ کی تھی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔