Aaj News

پہلا ون ڈے: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان کی جانب سے حسن نواز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کررہے ہیں۔
اپ ڈیٹ 08 اگست 2025 11:54pm

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے آج برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ موسم اور پچ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کنڈیشن کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے لیے پیغام یہ ہے کہ حالات کے مطابق ڈھلتے ہوئے جدید کرکٹ کھیلیں، بولنگ کمبی نیشن مشکل ہے کیونکہ ہمیں موسم کی پیشگوئی کا یقین نہیں، اس لیے ہم آل راؤنڈرز پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کا انتخاب کرتے۔ اہم بات یہ ہے کہ پچھلے 2 سالوں میں جو تسلسل ہم نے قائم رکھا ہے اسے برقرار رکھا جائے۔ ہم ہمیشہ اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے خود کار طور پر کوالیفائی کریں اور پچھلے 2 سالوں میں ہم نے یہ کر دکھایا ہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کررہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے مینیجر نوید اکرم چیمہ نے حسن نواز کو ڈیبیو کیپ دی۔

ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے حسن نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان علی آغا، حسن نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کا اسکواڈ

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کپتان شائے ہوپ، برینڈن کنگ، ایون لوئس، کیاسی کارٹی، شرفین ردر فورڈ، روسٹن چیز، روماریو شیفرڈ، گوداکیش موتی، شمار جوزف، جیڈن سیلز اور جے دیا بلیڈز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں گرین شرٹس نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے سیریز کو اہم قرار دے رہی ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا تھا۔

odi series

pakistan vs westindies

odi cricket