Aaj News

شیرافضل مروت کی دوبارہ پی ٹی آئی میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے

شیر افضل مروت کی شمولیت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آگئی
شائع 08 اگست 2025 05:59pm

قومی اسمبلی کے رکن شیر افضل مروت کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں واپسی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بیشتر ارکان قومی اسمبلی نے شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کی حمایت کردی ہے۔

پارٹی اجلاس میں رائے دیتے ہوئے متعدد ارکان نے کہا کہ شیر افضل مروت کو دوبارہ تحریک انصاف میں شامل کیا جائے اور اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سفارش پیش کی جائے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر علی، شہریار آفریدی، اسد قیصر، ڈاکٹر نثار جٹ اور دیگر رہنما شیر افضل مروت کی واپسی کے حامی ہیں۔

ارکان کا کہنا تھا کہ مروت کو واپسی سے قبل پارٹی پر تنقیدی بیان بازی سے روکنے اور ماحول سازگار بنانے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ کچھ ارکان نے سوال اٹھایا کہ یہ گارنٹی کون دے گا کہ وہ مستقبل میں پارٹی قیادت کے خلاف بیانات نہیں دیں گے۔

ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کو سفارش کریں گے کہ مروت کو واپس لیا جائے جبکہ عظیم الدین زاہد لکھوی کے مطابق اکثریت نے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔

شیر افضل مروت نے ارکان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اور ان کی جماعت میں رہنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے خلاف بلاجواز بیانات نہ دیے جائیں تو وہ بھی مزاحمتی بیانات سے گریز کریں گے تاہم تنقید پر خاموش نہیں رہ سکتے، البتہ اب سخت جملوں سے اجتناب کریں گے۔

imran khan

sher afzal khan marwat

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)