Aaj News

چینی وزیر خارجہ کا پاک-بھارت تصادم کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی اور پاکستان کی امریکا سے بڑھتی قربتیں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں
اپ ڈیٹ 06 اگست 2025 03:14pm
علامتی تصویر: اے ایف پی
علامتی تصویر: اے ایف پی

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی رواں ماہ ایک اہم سفارتی مشن پر پاکستان کا دورہ کریں گے، جو نہ صرف پاک چین تعلقات بلکہ خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وانگ یی 20 اور 21 اگست کو اسلام آباد میں قیام کریں گے اور پاک چین سالانہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی، بالخصوص پاک بھارت تناؤ، افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کی امریکا سے بڑھتی قربتیں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

حال ہی میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ جبکہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کا دورہ پاکستان نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس ڈائیلاگ میں دو طرفہ تعلقات، سی پیک منصوبے کی پیشرفت، دفاعی تعاون، اقتصادی معاملات اور خطے کی سلامتی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

یہ وانگ یی کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا جو حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد ہو رہا ہے، ساتھ ہی امریکا سے پاکستان کے مزید بڑھتے تعلقات اس ملاقات میں اہم نکتہ نظر ہو سکتے ہیں۔

Pakistan Visit

Chinese Foriegn Minister Wang Yi