Aaj News

جان بچانے والی ناپید ادویات کی درآمد کی مشروط اجازت، حکومت نے نیا حکم نامہ تیار کر لیا

ادویات صرف سرکاری اور نجی اسپتالوں کو امپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی
شائع 06 اگست 2025 02:32pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

وفاقی حکومت نے ملک میں ناپید اور جان بچانے والی غیر ملکی ادویات کی درآمد کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جان بچانے والی امپورٹڈ ادویات کے اجازت نامے میں پانچ سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو فوری طبی امداد فراہم کرنا اور اسپتالوں کو ضروری ادویات کی قلت سے بچانا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈرگز ایکٹ 1976 کے سیکشن 36 کے تحت ایک نیا ایس آر او (Statutory Regulatory Order) جاری کیا جا رہا ہے، جس کے تحت غیر رجسٹرڈ یا ناپید مگر جان بچانے والی ادویات کو مخصوص شرائط کے تحت امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

یہ ادویات صرف سرکاری اور نجی اسپتالوں کو امپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی، مگر شرط یہ ہوگی کہ یہ ادویات صرف علاج کے مقصد کے لیے استعمال کی جائیں گی اور انہیں مارکیٹ میں فروخت یا تقسیم نہیں کیا جا سکے گا۔ اسپتالوں کو امپورٹ شدہ ادویات کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا، جبکہ یہ ادویات کسی قسم کے کلینیکل ٹرائل، تحقیق یا ٹیسٹ کے لیے استعمال نہیں کی جا سکیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کینسر، امراض قلب اور دیگر مہلک بیماریوں سے متعلق ادویات کو اس استثنا میں شامل کیا جائے گا۔ ایسے تمام امپورٹڈ میڈیکیشنز کی درآمد سے قبل ڈریپ (Drug Regulatory Authority of Pakistan) سے باقاعدہ پیشگی اجازت اور سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا۔

ذرائع کے مطابق، درآمد کنندگان کو صرف وہی ادویات لانے کی اجازت دی جائے گی جو عالمی ادارہ صحت (WHO) سے پری کوالیفائیڈ ہوں، تاکہ دواؤں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

Life Saving Medicines

New Import Order