دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا
دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردوں کے منافی مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر دیا تھا۔ یوم استحصال پر اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔
5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردوں کے منافی مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے خلاف آج پاکستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔
یوم استحصال پر اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ استحصال کو یومِ سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
حریت قیادت نے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت اور آبادیاتی توازن پر حملہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت میں آواز بلند کرے۔
آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ”انسانوں کے جہاں میں“ جاری
دوسری جانب، آئی ایس پی آر نے اس موقع پر ایک نیا نغمہ ”انسانوں کے جہاں میں“ جاری کیا ہے، جو کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی اور بھارتی مظالم کے خلاف ایک گونج دار پیغام ہے۔ نغمے میں کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور بھارتی ریاستی ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب مراسلہ
یومِ استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت امورِ کشمیر و سیفران اور محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق، پنجاب پولیس، جیل خانہ جات، اور دیگر فیلڈ فارمیشنز کو بھی اس خاموش احتجاج کا حصہ بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔