Aaj News

بھارتی فوجی افسر کا ایئرلائن کے ملازمین پر قاتلانہ حملہ، ویڈیو وائرل

واقعے میں 4 ملازمین زخمی، ایک کی ریڑھ کی ہڈی اور دوسرے کا جبڑا توڑ ڈالا
اپ ڈیٹ 04 اگست 2025 03:30pm

سری نگر ایئرپورٹ پرایک نجی فضائی کمپنی کے عملے پر ایک آرمی افسر لیفٹیننٹ کرنل رتیش کمار سنگھ کی مبینہ ’قاتلانہ حملے‘ کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جو مبینہ طور پر کیبن میں اضافی سامان لے جانے پر اضافی چارجز لینے پر مشتعل ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 26 جولائی کو پیش آیا تھا جب بھارتی فوجی افسر لیفٹیننٹ کرنل رتیش کمار سنگھ سری نگر سے دہلی جانے والی پرواز میں سوار ہو رہا تھا، اس نے سری نگر ایئرپورٹ پر اضافی سامان کے چارجز ادا کرنے کے مطالبے پر چار ایئرپورٹ ملازمین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس کے عملے کے ارکان کو ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر اور جبڑے پر شدید چوٹیں آئیں ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق مسافر کے پاس موجود سامان کا وزن 16 کلوگرام تھا، جو مجاز 7 کلوگرام کی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ تھا، جب ایئرلائن کے عملے نے اس سے اضافی سامان کی فیس ادا کرنے کو کہا تو اس نے انکار کر دیا اور زبردستی بورڈنگ کا عمل مکمل کیے بغیر ایرو برج میں داخل ہو گیا۔

نجی فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق فوجی افسر کو سی آئی ایس ایف (سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس) کا ایک اہلکار واپس گیٹ پر لایا، جہاں وہ مزید جارحانہ ہو گیا اورعملے کے چار گراؤنڈ اسٹاف ارکان پر حملہ کر دیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ عملے کا ملازم بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا، لیکن مسافر فوجی افسر نے اس بے ہوش ملازم کو لاتیں اور گھونسے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

واقعے کے بعد ہوائی اڈے پر موجود سیکیورٹی عملے نے فوری مداخلت کی۔ نجی فضائی کمپنی نے مقامی پولیس کے ہاں شکایت درج کرائی ہے، اور واقعے کو ’ قاتلانہ حملہ’ (مؤثر طور پر دفعہ 307، تعزیراتِ ہند) کے تحت کرلیا۔

اگر الزام ثابت ہو جاتا ہے تو مذکورہ افسر کو کئی سال کی قید اور فوجی ملازمت سے معطلی یا برخاستگی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر سخت ردِ عمل دیکھنے کو ملا۔ صارفین نے نجی فضائی کمپنی کے عملے سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بھارتی فوجی افسر کے خلاف سری نگر ایئرپورٹ پر اضافی سامان کے چارجز ادا کرنے کے مطالبے پر چار ایئرپورٹ ملازمین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

Indian Army Officer

VIDEO GOES VIRAL

murderously

attacks airline employees