Aaj News

صوبائی محتسب کا سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم، خاتون کو ہراساں کرنے پر 25 لاکھ روپے جرمانہ

مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، جبکہ ان کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جائے گا، فیصلہ
اپ ڈیٹ 31 جولائ 2025 01:42pm

صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو ایک خاتون کو دفتر میں ہراساں کرنے کے کیس میں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ محتسب نے فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جو متاثرہ خاتون کو بطور ازالہ ادا کیا جائے گا۔

فیصلے کے مطابق اگر مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، جبکہ ان کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جائے گا۔

متاثرہ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 2019 میں جب انہیں بطور چیف مارکیٹنگ آفیسر تعینات کیا گیا، اس وقت سے مونس علوی ان پر ڈنر پر ساتھ جانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ مونس علوی ان کے جسمانی خدوخال پر نازیبا تبصرے بھی کیا کرتے تھے۔

صوبائی محتسب نے خاتون کے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی کے رویے کو ہراسانی کے زمرے میں قرار دیا، اور سخت اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

مونس علوی کا اپیل کا حق استعمال کرنے کا اعلان

صوبائی محتسب کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ معاملات میں دیانت داری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے، اور میں پورے خلوص دل سے ہر ایک کے لیے محفوظ اور باوقار کام کی جگہوں کے فروغ پر یقین رکھتا ہوں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حال ہی میں آنے والا فیصلہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اگرچہ میں قانونی عمل اور ان اداروں کا احترام کرتا ہوں جو اسے قائم رکھتے ہیں، لیکن میں اپنے ضمیر کی آواز پر یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ یہ فیصلہ اس حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا جو میں نے خود اس صورت حال میں محسوس کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک نہایت تکلیف دہ سفر رہا ہے، نہ صرف پیشہ ورانہ طور پر، بلکہ ذاتی طور پر بھی۔ میں اس فیصلے کا اپنے قانونی مشیروں کے ساتھ جائزہ لے رہا ہوں اور اپیل کا حق استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

مونس علوی نے کہا کہ ہر اس شخص کو سنا جانا چاہیے جو خود کو مظلوم محسوس کرتا ہو۔ میں اس بات پر قائم ہوں کہ سچائی کو تمام دستیاب قانونی ذرائع کے ذریعے مکمل طور پر سامنے لایا جائے۔

اس دوران، میں اُن تمام افراد کا شکر گزار ہوں جو مجھے جانتے ہیں، میرے ساتھ کام کر چکے ہیں، اور جو قانونی طریقہ کار پر یقین رکھتے ہیں۔ انصاف اور کام کی جگہ پر وقار کے اصولوں کے لیے میرا احترام غیر متزلزل ہے۔

harassment case

Moonis Alvi

CEO K Electric

Provincial Ombudsment