Aaj News

حماد اظہر کا پولیس کے سامنے سرنڈر سے انکار، پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لینے کا فیصلہ

حماد اظہر نے تمام مقدمات کے ریکارڈ کی تفصیلات اکٹھی کر لی ہیں، ذرائع
شائع 31 جولائ 2025 10:08am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے 9 مئی کے مقدمات میں پولیس کو گرفتاری دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ وہ پہلے پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے اور بعد میں متعلقہ عدالتوں سے ضمانت کے لیے رجوع کریں گے۔

حماد اظہر کے خلاف لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں وہ متعدد بار اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں اور پولیس کو مطلوب بھی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر نے تمام مقدمات کے ریکارڈ کی تفصیلات اکٹھی کر لی ہیں اور ان کی لیگل ٹیم نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وہ جلد پشاور ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہو کر ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ حماد اظہر گزشتہ تقریباً دو برس سے روپوش تھے اور 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے سکیورٹی اداروں کو مسلسل مطلوب تھے۔ تاہم والد کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا تھا، لیکن اب انہوں نے براہِ راست گرفتاری دینے کے بجائے قانونی راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Hammad Azhar