Aaj News

5 اگست احتجاج: اجازت نہ ملنے کی صورت میں پی ٹی آئی کا پلان بی سامنے آگیا

پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت ملنے کا امکان نہیں ہے، ذرائع
اپ ڈیٹ 28 جولائ 2025 07:03pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو بڑے احتجاج یا جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں حلقوں میں احتجاج کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

آج نیوز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے متبادل پلان کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت ملنے کا امکان نہیں ہے، جس پر پی ٹی آئی 5 اگست کو پنجاب کے ہر حلقے میں احتجاج کرے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ احتجاجی تحریک کے حوالے سے ڈویژنل تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں، 5 اگست کو پی ٹی آئی تمام حلقوں میں احتجاج کی فوٹیج قیادت کو بھیجے گی اور احتجاج نہ کرنے والے عہدداروں کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اگست کے بعد بڑے شہروں میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔ اس سے قبل یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی مکمل کرکے قیادت کو رپورٹ کی ہدایت بھی کر دی گئی۔

5 اگست کے احتجاج کو کون لیڈ کرے گا؟ جنید اکبر نے بتادیا

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے 5 اگست کے احتجاج کو تحفظ آئین پاکستان لیڈ کرے گی اور محمود خان اچکزئی احتجاج سے متعلق فیصلے کریں گے۔

ان کے بقول 31 جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس میں احتجاج کے مقام کا فیصلہ کیا جائے گا اور پی ٹی اے قیادت فرنٹ لائن پر ہوگی، تمام اپوزیشن پارٹیاں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج میں شامل ہوں گے۔

جنید اکبر کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت احتجاج میں شامل نہیں ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے۔

PTI protest

plan b

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)