Aaj News

پاکستان میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، کے پی اور سندھ سے مزید 3 کیسز رپورٹ

شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمرکوٹ سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے
شائع 27 جولائ 2025 10:01am

پاکستان میں پولیو کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق ہو گئی۔

پاکستان میں پولیو وائرس ایک بار پھر خطرناک حد تک پھیلنے لگا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبرپختونخوا میں دو جبکہ سندھ میں ایک نئے پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور لکی مروت سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں بھی ایک بچہ پولیو وائرس کا شکار پایا گیا ہے۔

رواں سال کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم مسلسل کیسز سامنے آنا قومی صحت عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو وائرس کمزور قوتِ مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔

محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو ہر بار پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

Polio Cases

KPK

sindh

Waziristan

Umer kot

neoc

laki marwat