Aaj News

خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب 25 اراکین نے حلف اٹھا لیا

تقریب حلف برداری میں اراکین اسمبلی سمیت مختلف سیاسی و اہم شخصیات کی شرکت، گورنر کنڈی نے حلف لیا
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2025 07:53pm

خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا، پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا، جس کے بعد گورنر ہاؤس پشاور میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر 25 منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیت مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیا۔

مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور 4 اقلیتیں نشستیں شامل ہیں، جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ نون کے 7، 7 اراکین نے حلف لیا جبکہ پیپلز پارٹی کے 4، اے این پی کے 2 اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا۔

مسلم لیگ (ن) ارکان میں فرح خان، آمنہ سردار، فائزہ ملک، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ، افشاں حسین، سونیا حسین اور اقلیتی رکن سریش کمار شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کی مہر سلطانہ، شازیہ طہماش، اشبرجدون، فرزانہ شریں اور اقلیتی رکن بیاری لال نے بھی حلف اٹھالیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی بلقیس، ستارہ آفرین، ایمن جلیل، مدیحہ گل، رابعہ شاہین، نیلو فربیگم، ناہید نور، اقلیتی ارکان عسکر پرویز اورکرپال سنگ نے بھی حلف اٹھایا۔

اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کی خدیجہ بی بی، شاہدہ وحید اور پی ٹی آئی (پی) کی نادیہ شیر بھی حلف اٹھانے والے اراکین میں شامل ہیں جبکہ حلف برداری کے بعد کے اسمبلی اراکین کی تعداد 145 مکمل ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح خیبر پختونخوا اسمبلی میں کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی کرکے حلف نہیں لیا جاسکا تھا۔ صوبے میں مخصو ص نشستوں کا معاملہ کورٹس اور الیکشن میں ڈیڑھ سال تک التوا کا شکار رہا۔

دریں اثنا مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں فارمولا طے پایا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آئین کی پاسداری کرکے 9 منتخب ارکان سے حلف لیا، خیبرپختونخوا اسمبلی کے آزاد ارکان سے گفتگو جاری ہے، آج پی ٹی آئی نے آئین کی خلاف ورزی کی۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لیں گے، خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات کا عمل کل دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس میں کل صبح 9 بجے حلف برداری کی تقریب ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے ارکان نے حلف نہیں اٹھایا، خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات کا عمل کل 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ، چیف سیکریٹری کو سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کی تھیں۔

مقابلہ ہوا تو 7 سینیٹرز کی کوشش کریں گے، فیصل کریم کنڈی

قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ آج یا کل مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری ہوجائے گی، کل ہی سینیٹ کے الیکشن بھی ہوں گے۔

پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے حوالے سے حکم نامہ جاری ہونے کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ارکان کی حلف برداری آج یا کل ہوجائے، کل چوں کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کےالیکشن بھی ہونے ہیں، اسی لیے ارکان کی حلف برداری بھی ہونی لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن میں 6/5 کا فارمولا طے پایا ہے، فارمولا طے ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےکہا کہ ان کےارکان بات نہیں مان رہے۔

گورنر نے کہا کہ اگرباقاعدہ مقابلہ ہوا تو کوشش ہوگی کہ 5 کے بجائے 6-7 سینیٹرز منتخب کرالیں، صوبائی حکومت ایسے اقدامات کرے کہ ہارس ٹریڈنگ نہ ہو۔

یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری ہونی تھی، تاہم پی ٹی آئی کے شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے سے سینیٹ الیکشن بھی کھٹائی میں پڑ گئے تھے، تاہم اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرکے مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کرنے کی درخواست کی تھی۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا حکم دیا تھا۔

Senate session

faisal kareem kundi

OATH TAKING

Reserved Seats Oath Ceremony

KPK Senate Elections

Reserved Seats Oath Taking

KPK Reserved Seats Oath Ceremony