کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، متعدد علاقے زیرآب، بجلی غائب
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوتے ہی موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن اور گلشنِ معمار میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ گلستانِ جوہر، یونیورسٹی روڈ، صفورہ اور گلشنِ معمار کے دیگر علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
بارش کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج دن بھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع، سکھر، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈو الہ یار اور گمبٹ میں بھی موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی۔ سکھر میں رات گئے بارش کے آغاز سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ سکھر میں مسلسل چھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے کھجور کی تیار فصل شدید متاثر ہوئی ہے۔
ٹنڈو الہ یار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ چکے ہیں۔ علاقے میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ بھر میں 25 جولائی تک موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔