ہنگو میں فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی، 9 دہشت گرد جہنم واصل، ڈی ی پی اور ایس ایچ او زخمی
کوہاٹ کے ریجنل پولیس آفسر عباس مجید مروت نے کہا ہے کہ ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، آپریشن کے دوران ڈٰی پی او ہنگو، ونگ کمانڈر ٹل سکاوٹس اور ایک ایس ایچ زخمی ہوگئے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی پی او ہنگو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بہادری اور عزم کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ قوم بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
کوہاٹ کے ریجنل پولیس آفسر عباس مجید مروت کا کہنا ہے کہ ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ٹارگیٹڈ آپریشن میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ یہ آپریشن ”زرگیری“، ”شناوڑی“ اور گردونواح کے علاقوں میں کیا گیا۔
کارروائی ڈی پی او خالد خان کی براہ راست نگرانی میں کی گئی۔ آپریشن کے دوران ڈٰی پی او ہنگو، ونگ کمانڈر ٹل اسکاوٹس اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کی حالت تسلی بخش ہے۔ ڈی پی او خالد خان کو چار گولیاں لگیں، جنہیں سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کیا گیا۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بھی تصدیق کی کہ ڈی پی او کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی او سے بات کی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشتگردوں کے خلاف اپنے مشن پر قائم ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے زرخیز معلومات اور مقامی تعاون کے تحت یہ کارروائی کی، جس میں کئی اہم خارجی عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔
محسن نقوی کا ڈی پی او ہنگو سے رابطہ
وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے ڈی پی او ہنگو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کی بہادری اور عزم کو سراہا۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح تک پرعزم ہے۔
گورنر خیبر پختون خوا
ہنگو میں دہشتگردوں کےخلاف پولیس اورٹل اسکاؤٹس کے کامیاب آپریشن پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈی پی او خالد خان نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس فرنٹ لائن پر مقابلہ کر رہی ہے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔