Aaj News

گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے کیبل میں فالٹ، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر

واٹر کارپوریشن کی شہریوں سے تعاون کی اپیل
شائع 19 جولائ 2025 09:26am

گھارو پمپنگ اسٹیشن اور فلٹر پلانٹ پر بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی کی کیبل میں فالٹ گزشتہ روز سہ پہر تین بجے پیش آیا، جو تاحال دور نہیں کیا جا سکا۔

واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ حکام مسلسل کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطے میں ہیں تاکہ فالٹ کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔ گھارو پمپنگ اسٹیشن شہر کو روزانہ تیس ملین گیلن (30 ایم جی ڈی) پانی فراہم کرتا ہے، تاہم بجلی کی معطلی کے باعث یہ فراہمی معطل ہو چکی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز شامل ہیں۔ ان علاقوں کے مکینوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ فالٹ دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور جلد صورتحال معمول پر لانے کی امید ہے۔

GHARO PUMPING StATION