Aaj News

قلات دہشتگردی: جاں بحق تین قوالوں کی لاشیں کراچی پہنچا دی گئیں

جاں بحق ہونے والوں میں معروف قوال قوال احمد صابری، ان کا بیٹا رضا صابری اور ان کا ساتھی گٹارسٹ آصف شامل ہیں
شائع 17 جولائ 2025 11:54am

بلوچستان کے ضلع قلات میں گزشتہ روز معروف ”ماجد صابری قوال گروپ“ پر فائرنگ کے المناک واقعے نے فنِ قوالی کے چاہنے والوں سمیت پورے ملک کو غمزدہ کر دیا۔ واقعے میں تین قوال جاں بحق جبکہ دس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں معروف قوال قوال احمد صابری، ان کا بیٹا رضا صابری اور ان کا ساتھی گٹارسٹ آصف شامل ہیں۔

گزشتہ روز قلات میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی بس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے قوال اور فنکار سوار تھے جو کوئٹہ میں ایک شادی کی تقریب میں قوالی پیش کرنے جا رہے تھے۔

دہشتگردوں نے ہمیں کس بات کی سزا دی؟ قلات بس حملے میں زندہ بچ جانے والے قوال کا بیان

ماجد صابری کے مطابق حملے میں ان کے کئی رشتہ دار اور ٹیم کے دیگر ارکان زخمی بھی ہوئے ہیں، جو سب قوالی کی ٹیم کا حصہ تھے۔

قلات پولیس کے مطابق نجی کمپنی کی کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس کو قلات کے علاقے نیمرغ میں کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر جمعرات کی شام نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق ’نامعلوم مسلح افراد نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری‘۔

قلات میں فتنہ الہندوستان کے آلہ کاروں کی پھر دہشتگردی، مسافر کوچ پر فائرنگ سے 3 مسافر جاں بحق

اور اب جمعرات کو جاں بحق افراد کی لاشیں بذریعہ کارگو کراچی پہنچا دی گئیں، جہاں ایئرپورٹ پر ورثا اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ علاقے میں شدید سوگ کا سماں ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ ترجمان ایدھی کے مطابق ورثا کی مشاورت سے میتیں سرد خانے میں رکھ دی گئی ہیں اور اگر وہ چاہیں گے تو میتیں ان کے گھروں تک بھی پہنچائی جائیں گی۔

اطلاعات کے مطابق شہید قوالوں کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر پی آئی بی اسپورٹس کمپلیکس میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین لیاقت آباد دس نمبر قبرستان میں کی جائے گی۔

کوئٹہ: ہزار گنجی میں موٹرسائیکل بم دھماکا، 3 خواتین زخمی

قلات میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کراچی میں فنکار برادری، اہلِ خانہ، مداحوں اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ قوال احمد صابری اپنے فن اور روحانی کلام کی وجہ سے شہر بھر میں مقبول تھے، ان کی شہادت سے فن قوالی کو ایک بڑا نقصان پہنچا ہے۔

BLA

Fitnah Al Khawarij

Kalat Firing

Majid Sabri Qawal Group