Aaj News

اسسٹنٹ کمشنر تربت کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، شاہد رند

کوئٹہ میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ترجمان حکومت بلوچستان کی اہم پریس کانفرنس
شائع 15 جولائ 2025 05:25pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز گورایا کا کہنا ہے کہ افغانستان سے لائی گئی دہشت گردوں کی گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے اور متعدد دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر تربت کی بازیابی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا اور ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ اغواء میں ملوث مرکزی ملزم طیب شاہ کا تعلق باجوڑ سے ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ہشام نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اغواء میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ہشام اس وقت ریمانڈ پر ہے اور واقعے میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی اعتزاز گورایا نے کہا کہ مصور خان کی شہادت پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر مسلح افراد کتنی دیر تک کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں، یہ انتہائی سنگین سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ اور قلات میں مسلح افراد کی کارروائیوں کے باوجود نقصان نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ژوب میں بسوں سے مسافروں کو اتار کر قتل کرنے کا دلخراش واقعہ شام کے وقت پیش آیا۔ اس کے علاوہ شعبان سے اغواء کیے گئے 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایسی حساس معلومات کی تصدیق ذمہ داری سے کی جاتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت کی بازیابی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

شاہد رند نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا اور امن و امان کے قیام سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں۔

Shahid rind

CTD Balochistan

Terror Suspects Arrested

DIG Aitzaz Goraya