کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بڑی خرابی، وجہ سامنے آگئی، شہر کو پانی کی شدید قلت کا سامنا
کراچی کے اہم ترین واٹر سپلائی نظام میں ایک بار پھر بڑا خلل پیدا ہوگیا ہے، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بریک ڈاؤن گزشتہ شب 12 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جس سے لائن نمبر پانچ دو مقامات سے متاثر ہوئی۔
ترجمان کے مطابق بریک ڈاؤن کی اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) واٹر کارپوریشن نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد مرمتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرمت کا عمل اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
تاہم اس دوران کراچی کو روزانہ 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
شہر کے کئی علاقوں میں پہلے ہی پانی کی قلت کی شکایات موجود ہیں اور موجودہ صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کے درمیان رابطہ بحال رکھنے اور بریک ڈاؤن کے اسباب کے مستقل حل پر غور جاری ہے۔
کے الیکٹرک کا کیبل فالٹ کا اعتراف
کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی فراہمی میں تعطل اندرونی کیبل فالٹ کے باعث ہوا، جس پر قابو پانے کے لیے تکنیکی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے پمپنگ اسٹیشن کے حکام نے بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ سے متعلق اطلاع دی، جس کے فوری بعد فالٹ کی درستگی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی مجموعی سپلائی میں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں، تاہم مخصوص اندرونی کیبل میں خرابی سامنے آئی ہے جسے جلد درست کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کے الیکٹرک کی ٹیمیں واٹر بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کراچی کو پانی فراہم کرنے کا مرکزی ذریعہ ہے، اور یہاں کسی بھی قسم کا تعطل شہر میں پانی کی شدید قلت کا سبب بن سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فالٹ کی مرمت مکمل ہوتے ہی معمول کی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔