Aaj News

فیصل آباد میں آن لائن فراڈ کیس میں 10 غیر ملکیوں کا جسمانی رہمانڈ منظور

18 خواتین سمیت دیگر ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا
شائع 14 جولائ 2025 06:03pm

فیصل آباد میں آن لائن فراڈ کیس کی سماعت ہوئی جہاں پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 87 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مزید تفتیش کے لیے 10 غیر ملکی ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جب کہ باقی تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجے گئے ملزمان میں 18 خواتین بھی شامل ہیں۔

فیصل آباد میں آن لائن فراڈ کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے87 ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سینئر سول جج محمد اشفاق کی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس کی استدعا پر عدالت نے مزید تفتیش کے لیے 10 غیر ملکی ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جبکہ باقی تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجے گئے ملزمان میں 18 خواتین بھی شامل ہیں۔

ملزمان کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس سے قبل سائبر کرائم ایجنسی 62 پاکستانی ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر چکی ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے چند روز قبل آن لائن انویسٹمنٹ اور پونزی اسکیم کے ذریعے اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا اور 149 ملکی و غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

کیس کے مبینہ مرکزی کردار اور سابق فیسکو چیئرمین تحسین ایوان نے 19 جولائی تک عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

Faisalabad

Online Fraud Case