Aaj News

فیصل آباد میں آن لائن فراڈ کیس، عدالتی حکم پر مرکزی ملزم کا ڈیرہ سیل

مرکزی ملزم سابق فیسکو چیئرمین نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2025 11:16pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

فیصل آباد میں آن لائن فراڈ کیس کے مرکزی ملزم سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کے ڈیرے کو عدالتی حکم پر سیل کردیا گیا، این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کی استدعا پر سینئر سول جج نے احکامات جاری کیے۔ دوسری جانب مرکزی ملزم سابق فیسکو چیئرمین نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی۔

فیصل آباد میں بڑے آن لائن فراڈ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عدالتی حکم پر کیس کے مرکزی ملزم اور سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کے ڈیرے کو سیل کر دیا گیا۔

یہ کارروائی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے تفتیشی افسر کی استدعا پر کی گئی، جس پر سینئر سول جج نے احکامات جاری کیے۔

عدالت نے غیر قانونی کال سینٹر سے ضبط کیے گئے سامان کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔

دوسری جانب مرکزی ملزم تحسین اعوان نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی ہے۔ این سی سی آئی اے نے فراڈ میں ملوث 149 ملکی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کر رکھا ہے، جو جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

بعدازاں، آن لائن فراڈ کیس کے مرکزی ملزم سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کا کہنا ہے کہ ان کا کوئی آن لائن بزنس نہیں کرتا تھا، ویڈیو بیان میں تحسین اعوان نے بتایا کہ چائنیز کمپنی کو جگہ کرائے پر دی تھی، جس کا معاہدہ بھی موجود ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں فیصل آباد میں تھانہ بلوچنی کےعلاقے 54 رب میں حساس ادارے اور ایف آئی اے سائبر کرائم وِنگ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سابق چیئرمین فیسکو، مسلم لیگ (ن) کے رہنما تحسین اعوان کی میڈیسن فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ جہاں سے 149 ملکی و غیر ملکی افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

Faisalabad

Online Fraud Case

FESCO

Digital Fraud

NCCIA

Call Center Raid