Aaj News

اس اسمبلی کا کوئی فائدہ نہیں جہاں آواز نہ اٹھائی جا سکے، ملک احمد خان بھچر

یہ اقدام پنجاب کی سیاسی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی آج نیوز کے پروگرام "نیوز انسائیٹ ود عامر ضیاء" میں گفتگو
شائع 07 جولائ 2025 11:33pm
اسکرین گریب تصویر
اسکرین گریب تصویر

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ ود عامر ضیاء میں گفتگو کرتے ہوئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس کو ذاتی انا اور سیاسی خوشنودی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ اقدام پنجاب کی سیاسی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ ود عامر ضیاء“ میں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں ہونے والے حالیہ واقعات کو جمہوری عمل پر حملہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نعرے بازی دونوں طرف سے ہوئی، مگر ہمارے خلاف نااہلی کا ریفرنس ذاتی انا اور کسی کی خوشنودی کا نتیجہ لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اربوں روپے کی تشہیری مہم جاری ہے اور جب ہم وزیراعلیٰ مریم نواز کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو ہمیں سزا دی جاتی ہے۔

ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ہم پر مائیک اور کرسیاں توڑنے کا غلط الزام لگا کر 26 ارکان کو معطل کر دیا گیا، حالانکہ ہم پرامن احتجاج کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ریفرنس پنجاب کی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے اور یہ روایت کل ان کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے جب وہ اپوزیشن میں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم بھی ذاتی مفادات کے لیے کی گئی، ہمیں اپنے بانی قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور اسپیکر کی ناراضگی بھی اندرونی دباؤ کا نتیجہ ہے۔

احمد خان بھچر نے مطالبہ کیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ریفرنس واپس لیں، ورنہ ہم احتجاج اسمبلی کے اندر بھی کریں گے اور باہر بھی، ساتھ ہی ساتھ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

Aaj News program

punjab assembly

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Malik Ahmad Khan Bhachar

News Insight With Amir Zia