Aaj News

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان

بلوچستان میں طوفانی بارش کا امکان، اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ،محکمہ موسمیات
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2025 10:06am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، ڈی جی خان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی ریلوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے تاہم شدید حبس برقرار ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال اور گجرات میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، قصور اور شیخوپورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم کراچی اور ساحلی علاقوں میں ہلکی بونداباندی کا امکان ہے۔

ژوب، قلات، مستونگ، خضدار، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ، شہری اداروں اور ریسکیو حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں۔

Monsoon

weather

rainy weather

Urban flooding

Rain prediction

Weather Updates