Aaj News

لاہور میں ”جعلی خریدار“ گروہ بے نقاب — سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھانڈا پھوڑ دیا

گروہ کا سرغنہ علی شہباز ریکارڈ یافتہ ہے، پولیس
شائع 01 جولائ 2025 05:06pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور میں سوشل میڈیا ایپ پر خود کو خریدار ظاہر کرکے وارداتیں کرنے والے گروہ کا پردہ فاش ہو گیا۔ گجرپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ علی شہباز کو گرفتار کر لیا، جو متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جس میں وہ ایک پیٹرول پمپ پر گاڑی میں پیٹرول ڈلواتا ہوا دکھائی دیا۔ فوٹیج میں واضح طور پر جعلی نمبر پلیٹ والی لگژری گاڑی بھی نظر آئی، جو واردات میں استعمال ہوئی۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ علی شہباز لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں درجنوں وارداتیں کر چکا ہے۔ وہ اور اس کے ساتھی سوشل میڈیا ایپس پر خریدار بن کر شہریوں سے رابطہ کرتے، ملاقات کے دوران موبائل فون یا موٹرسائیکل چیک کرنے کے بہانے انہیں ہتھیا کر فرار ہو جاتے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول، گولیاں، جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی اور کئی قیمتی موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Punjab police