پنجاب میں صحت کارڈ بند ہونے کی آج نیوز کی خبر درست ثابت
وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے صوبے میں ہیلتھ کارڈ بند ہونے کی آج نیوز کی خبر کی تصدیق کر دی، آج نیوز نے ہفتے کو صحت کارڈ بند ہونے کی خبر بریک کی تھی۔
پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج نیوز کی بریک کردہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں صحت کارڈ کی سہولت بند کر دی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق کے مطابق موجودہ ہیلتھ کارڈ میں صرف محدود بیماریوں کا علاج ممکن تھا، جس کی وجہ سے اس اسکیم کو نظرِثانی اور توسیع کی ضرورت تھی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت اب زیادہ بجٹ کے ساتھ نئی ہیلتھ پالیسی لا رہی ہے، جس میں مزید امراض کا علاج شامل کیا جائے گا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جب تک نئی پالیسی نافذ نہیں ہوتی، نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ پر علاج کی سہولت جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز آج نیوز نے پنجاب میں صحت کارڈ بند کیے جانے کی خبر سب سے پہلے نشر کی تھی، جس کی اب سرکاری سطح پر تصدیق ہو چکی ہے۔
سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کے لیے استعمال ہونے والے ”صحت کارڈ“ کی سہولت بند کرنے کا فیصلہ اور پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے تمام سرکاری ہسپتالوں کے سربراہان کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا تھا۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔