Aaj News

ملک بھر میں مون سون کا پہلا اسپیل: ڈیم بھرنے لگے، دریاؤں میں طغیانی

چشمہ بیراج کے تمام اسپل ویز کھول دیے گئے ، تربیلا ڈیم کے اسپل ویز بھی جلد کھول دیے جائیں گے
شائع 30 جون 2025 03:04pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوتے ہی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ دریا کے بہاؤ میں اضافے کے سبب چشمہ بیراج کے تمام 52 اسپل ویز کھول دیے گئے جبکہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چشمہ جہلم لنک اور رائٹ بینک کینالز میں پانی چھوڑ دیا گیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام جھیلیں بھر گئیں، جبکہ کچے کے علاقے بھی زیرِ آب آگئے اور کئی مکانات و فصلیں بہہ گئیں۔

علاوہ ازیں دریائے سندھ کے تمام مقامات پر تیراکی اور کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور دفعہ 144 نافذ کر کے عوام کو خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ ہے نالہ لئی سمیت دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ یا ریسکیو ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔

Tarbela Dam

Monsoon

chashma barrage

dam

spillways