Aaj News

مون سون کی پہلی بارش میں کراچی کا بُرا حال، کئی سڑکیں اور علاقے زیر آب

ناقص نکاسی آب کے نظام نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا
شائع 29 جون 2025 06:25pm

بارش سے کراچی کی تباہ حال سڑکیں عوام کے لیے درد سر بن گئیں۔ شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی اور کیچڑ تاحال موجود ہے، سولجر بازار کی مرکزی سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ قیوم آباد چورنگی پر بھی بارش کا پانی کھڑا ہے، موٹرسائیکل سواروں کا چلنا محال ہوگیا۔

کراچی میں حالیہ بارش کے بعد شہر کی بیشتر سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد علاقوں میں بارش کے پانی اور کیچڑ نے آمد و رفت معطل کر دی ہے، جبکہ ناقص نکاسی آب کے نظام نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

سولجر بازار کی مرکزی سڑک مکمل طور پر تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے جہاں گزشتہ دو روز سے پانی جمع ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بارش کے بعد یہاں یہی صورتحال ہوتی ہے، لیکن مسائل کے مستقل حل کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جاتا۔

مون سون کا پہلا اسپیل، ملک بھر میں 16 افراد کی جانیں لے گیا

علاقہ مکینوں کے مطابق پانی کے باعث نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ روزمرہ کی نقل و حرکت بھی مشکل ہو گئی ہے۔

قیوم آباد چورنگی پر بھی بارش کا پانی تاحال موجود ہے، جس کے باعث موٹرسائیکل سواروں کو خاصی دشواری کا سامنا ہے۔ متعدد افراد پھسلنے کے واقعات میں زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار، بادل مزید کتنے دن برسیں گے؟

شہر کے دیگر علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لالو کھیت، لیاقت آباد میں بھی نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام نظر آتا ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے پانی نے گلیوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات کریں اور بارش کے پانی کی بروقت صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

Karachi in dire straits

first monsoon rains

many roads

areas under water