میر علی میں بھارتی اسپانسرڈ خوارج کا بزدلانہ وار، 13جوان شہید، جوابی کارروائی میں 14 دہشتگرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں بھارتی اسپانسرڈ خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی قافلے میں ٹکرا دی۔ خودکش حملے میں 13 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، شہدا میں صوبیدار، حوالدار، نائیک اور سپاہی شامل ہیں، جن کا تعلق خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب سے ہے۔ المناک اور وحشیانہ حملے میں 3 شہری بھی شدید زخمی ہوئے، زخمیوں میں 2 بچے اور1 خاتون شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ یہ حملہ بھارت کی منصوبہ بندی اور سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے سامنے دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی، تاہم قافلے کے لیڈنگ گروپ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس ناپاک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ اس پر مایوس ہو کر دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 13 بہادر سپاہی شہید ہوگئے۔
شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، اور سپاہی منظر علی شامل ہیں۔ شہداء کا تعلق خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب سے ہے۔
بھارت معرکہ حق کبھی بھلا نہیں سکے گا، دوبارہ حملہ کیا تو بغیر جھجھک کے جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل
آئی ایس پے آر کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران خارجی دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں 14 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے ڈٹی ہوئی ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعظم کی میرعلی میں حملے کی شدید مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے میرعلی میں حملے کی شدید مذمت کی اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے زخمی شہریوں کے لیے افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے بھارتی حمایت یافتہ 14 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پورا ملک شہدا کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا تحفظ یقینی بنایا۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔