Aaj News

لاہور: فینسی نمبر پلیٹ کا معاملہ ، وارڈن پر حملے میں ملوث 3 وکلا گرفتار

سی ٹی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا
شائع 27 جون 2025 09:26am
اسکرین گریب
اسکرین گریب

لاہور کے علاقے مزنگ میں فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر گاڑی روکنے پر وکلا اور ان کے ساتھیوں نے ٹریفک وارڈن پر بہیمانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وارڈن کا دانت ٹوٹ گیا اور وردی بھی پھٹ گئی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں ملزمان کو وارڈن کو زدوکوب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وارڈن نے فینسی اور غیرقانونی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں سوار وکلا نے پہلے گاڑی بھگانے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر اپنے مزید ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا اور وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

تشدد کے باعث ٹریفک وارڈن شدید زخمی ہوگیا۔ راہگیروں نے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی، جس کے بعد اعلیٰ حکام متحرک ہوگئے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری مقدمہ درج کرنے اور ملوث افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ باقی ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

lahore

Car

Fancy number plate

Torture on Warden