Aaj News

ایران کے سپریم لیڈر کا جنگ میں فتح کا اعلان، ایرانی قوم کو مبارکباد

امریکا کو جنگ سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، آیت اللہ خامنہ ای
اپ ڈیٹ 26 جون 2025 09:18pm

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کر دیا۔ ایرانی قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست پاش پاش ہو گئی، امریکا کو جنگ سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، امریکا کو محسوس ہوگیا تھا وہ شامل نہ ہوا تو اسرائیل تباہ ہو جائے گا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے حالیہ جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی قوم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست (اسرائیل) کا وجود جنگ میں بکھر کر رہ گیا ہے، جبکہ امریکہ کو اس جنگ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

سپریم لیڈر نے ایک سرکاری خطاب میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج، عوام اور مزاحمتی محاذ نے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو جنگ میں شمولیت سے پہلے ہی یہ احساس ہو چکا تھا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرے تو اسرائیل مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔ تاہم، باوجود مداخلت کے، امریکہ نہ صرف اپنے اہداف میں ناکام رہا بلکہ اس کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اس تاریخی موقع پر ایرانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ان کی قربانیوں، صبر اور استقامت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں ظلم کے خلاف مزاحمت کامیابی کی علامت بن چکی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکومت نے ملک بھر میں جشنِ فتح کے طور پر عوامی اجتماعات اور تقاریب کا اعلان کیا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ادھر ایران کی نگہبان شوریٰ نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی سے تعاون معطل کرنے کی منظوری دے دی، ایرانی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کی منظوری دی تھی۔

Ayatollah Khamenei

Iran Israel War