Aaj News

میکسیکو میں فائرنگ کا خونریز واقعہ، سڑک پر جشن مناتے 12 افراد ہلاک، 20 زخمی

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہاؤسنگ کمپلیکس کے صحن میں لوگ بینڈ کی دھن پر رقص کر رہے ہیں، جب اچانک گولیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور خوشی کا ماحول افراتفری میں بدل جاتا ہے
شائع 26 جون 2025 09:02am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

میکسیکو کے شمال مغربی صوبے گواناخواتو کے شہر اراپواٹو میں رات گئے ایک سٹریٹ فیسٹیول کے دوران مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقامی شہری سینٹ جان دی بیپٹسٹ کی یاد میں رقص اور جشن منا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک غیر مصدقہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہاؤسنگ کمپلیکس کے صحن میں لوگ بینڈ کی دھن پر رقص کر رہے ہیں، جب اچانک گولیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور خوشی کا ماحول افراتفری میں بدل جاتا ہے۔

اراپواٹو کے مقامی حکومتی عہدیدار رودولفو گومز سرونٹس نے ایک پریس کانفرنس میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 12 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی 20 سے زائد ہے۔

میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین باؤم نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک نہایت افسوسناک واقعہ ہے، تحقیقات جاری ہیں۔‘

گواناخواتو کو طویل عرصے سے میکسیکو کا پرتشدد ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر کنٹرول کے لیے جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان مسلسل لڑائیاں جاری ہیں۔ سال 2025 کے پہلے پانچ ماہ میں صرف اس صوبے میں 1,435 افراد قتل کیے گئے، جو ملک کے کسی بھی اور صوبے کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہیں۔

صوبائی پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق منگل کو گواناخواتو کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں مزید پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی صوبے کے قصبے سان بارتولو دی بیریوس میں ایک چرچ تقریب کے دوران سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گواناخواتو میں امن و امان کی صورتحال مسلسل بگڑتی جا رہی ہے، اور حالیہ واقعہ ایک اور خونریز مثال بن گیا ہے، جس نے عوامی تحفظ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

mexico

Mass Shooting

Guanajuato