Aaj News

ایرانی جوہری تنصیبات تباہ نہ ہونے کی رپورٹس پر ٹرمپ خاتون صحافی پر برس پڑے

نتاشہ برٹرینڈ جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہے، اسے سی این این سے نکال دینا چاہیے، ’ٹروتھ سوشل‘ ہر پوسٹ
شائع 26 جون 2025 12:28am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کی معروف صحافی نتاشہ برٹرینڈ پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر چینل سے برطرف کیا جائے۔ صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ نتاشہ برٹرینڈ گزشتہ تین دن سے ”جھوٹی اور گمراہ کن خبریں“ نشر کر رہی ہیں، جن سے امریکی افواج، خصوصاً پائلٹس کی کارکردگی کو نیچا دکھایا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ برٹرینڈ کو ”کتا سمجھ کر نکال دینا چاہیے۔“

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ”ناتاشا برٹرینڈ کو سی این این سے نکال دینا چاہیے! میں نے تین دن تک اس کی جعلی خبریں سنیں۔ اسے فوراً سزا دی جانی چاہیے اور ’کتے کی طرح باہر پھینک دیا جانا چاہیے‘۔“

انہوں نے مزید کہا ”اس نے ’لیپ ٹاپ فرام ہیل‘ کی کہانی پر جھوٹ بولا، اور اب ایٹمی تنصیبات سے متعلق جھوٹ بولا، جس کا مقصد ہمارے محب وطن پائلٹس کی توہین کرنا تھا، جبکہ انہوں نے زبردست کارکردگی دکھائی اور ’ٹارگٹ‘ کو مکمل طور پر تباہ کیا۔“

ناتاشا برٹرینڈ نے اپنی رپورٹ جو کہ کیٹی بو لیلس اور زکری کوہن کے ساتھ لکھی گئی، میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی دفاعی انٹیلیجنس ایجنسی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق امریکی حملوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو صرف چند ماہ کے لیے پیچھے دھکیلا، نہ کہ مکمل طور پر تباہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ انٹیلیجنس اندازہ کم اعتماد کے ساتھ پیش کیا گیا تھا، اور مزید تحقیق جاری ہے کہ حملے کتنے مؤثر رہے۔

تاہم، ٹرمپ اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے زور دیتے ہیں کہ آپریشن نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو مکمل طور پر ”تباہ“ کر دیا۔ انہوں نے سی این این اور نیو یارک ٹائمز پر بھی سخت تنقید کی، اور الزام لگایا کہ یہ میڈیا ادارے امریکی کامیابی کو کم تر دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی ایک اور پوسٹ میں کہا ”ہم نے فیل ہونے والے نیو یارک ٹائمز اور فیک نیوز سی این این کو ایک بار پھر جھوٹ بولتے ہوئے پکڑ لیا! یہ رپورٹرز صرف بُرے اور بیمار لوگ ہیں۔ انہیں اپنے ملک کی کامیابی پر فخر ہونا چاہیے، مگر یہ ہمیشہ امریکہ کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔“

Iran's nuclear facilities

Trump lashes out

Trump lashes out at female journalist over reports