Aaj News

عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیل پر نیب نے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے
شائع 25 جون 2025 06:05pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیل میں مقدمے کی پیروی کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا۔

190ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں اور سزا معطلی سے متعلق درخواستوں کے حوالے سے اہم اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی پیروی کے لیے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کردیا، نیب کی جانب سے جاوید ارشد ایڈووکیٹ کو اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں میں اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب کی منظوری سے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا میں دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی اپیل پر نیب پراسکیوشن ٹیم نوٹیفائی کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔

سزا معطلی کی اپیل پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی تھی۔

بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے، اور موقف اختیار کیا تھا کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہے، منتوں، مرادوں اور دعاؤں کے بعد آج کی تاریخ ملی ہے، آج کی تاریخ ہمیں آسانی سے نہیں ملی۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی تھی۔

imran khan

Islamabad High Court

bushra bibi

190 million pounds scandal

Imran Khan Bushra Bibi

190 MILLLION POUND CASE

NAB Prosecutor