Aaj News

پاکستان کا نام روشن کرنے والی باکسر عالیہ سومرو کو دھمکیاں ملنے لگیں

سندھ حکومت سے ملنے والے انعام سے رقم کا تقاضا کیا جانے لگا
اپ ڈیٹ 24 جون 2025 08:12pm

کراچی سے پاکستان کا نام روشن کرنے والی لیاری کی باکسر عالیہ سومرو کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے لگیں، سندھ حکومت سے ملنے والے انعام سے رقم کا تقاضا کیا جانے لگا۔

کراچی میں باکسر عالیہ سومرو کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے اور ویڈیو بیان وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی، ایس ایس پی سٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

کراچی کے علاقے لیاری کی رہائیشی عالیہ سومرو نے اپنا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جو وائرل ہوگیا، بیان میں عالیہ سومرو کا مؤقف ہے کہ ایک شخص جو ماضی میں لیاری گینگ وار کا سہولت کار اور اب جعلی میڈیا کا نمائندہ ہے، اس کی جانب سے حراساں کیا جارہا ہے۔

ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیا، ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا بتانا ہے کہ باکسر عالیہ سومرو کو واٹس ایپ پر دھمکیاں ملی تھیں، عالیہ سومرو نے خود پولیس سے سیکیورٹی کے لیے رابطہ کیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق بچی قومی ہیرو ہے اسے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی تھی، واٹس پر نامعلوم شخص کی جانب سے رقم کا تقاضہ کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی کا بتانا ہے کہ عالیہ سومرو کے معاملہ کو تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے کے حوالے کیا جانا تھا تاہم اب عالیہ سومرو کے والدین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ ان کا لیاری کے بزرگوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

واضح رہے کہ عالیہ سومرو نے رواں سال کے آغاز میں تھائی لینڈ کی حریف کو صرف 45 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر کے ڈبلیو بی اے ایشیا کی 105 پاؤنڈ کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی تھی، اور اس طرح وہ عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں۔

boxers

aliya soomro