Aaj News

وزیراعظم کی سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت

معیشت میں شفافیت لانے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا موثر نظام قائم کرنا ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف
شائع 23 جون 2025 02:36pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو فروغ دینے اور معیشت میں شفافیت لانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مالی لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈوپشن کمیٹی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی بھی قائم کی جائے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے، ہمیں بھی معیشت میں شفافیت لانے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا موثر نظام قائم کرنا ہوگا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ فی الحال ’راست‘ سسٹم سے 4 کروڑ صارفین مستفید ہو رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے تمام مالیاتی لین دین ’راست‘ نظام کے تحت کیے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی کی قیادت وفاقی وزارت آئی ٹی کرے گی اور فنٹیک اس مالیاتی ایکو سسٹم کی ایک اہم کڑی ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے نجی شعبے، مالیاتی ادارے اور حکومت مل کر جامع اقدامات کریں تاکہ پاکستان جلد کیش لیس معیشت کی جانب کامیابی سے بڑھ سکے۔

economy

PM Shehbaz Sharif

Digital Pakistan

Cashless economy

Digital financial system

digital payments