Aaj News

لکی مروت: دہشتگردوں نے گیس فیلڈ کی پائپ لائن تباہ کردی

بیٹنی گیس فیلڈ سے پنجاب کو گیس کی سپلائی ہوتی تھی
اپ ڈیٹ 18 جون 2025 10:07am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں نے بیٹنی گیس فیلڈ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی اہم پائپ لائن کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ گیس کا اخراج بھی شروع ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ تورواہ نامی برساتی نالے کے مقام پر کیا گیا جہاں گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

گیس کی سپلائی معطل ہونے سے ممکنہ طور پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کی مرمت اور گیس کے اخراج پر قابو پانے کے لیے فنی ٹیمیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حساس تنصیبات کے اطراف نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Blast

Gas

lucky marwat

Gas Pipe Line

GAS FIELD