Aaj News

وزیرآباد میں غیر قانونی پیٹرول کی دکان میں ٹینکی پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی

دھماکے کے باعث 16 افراد جھلس گئے، 6 افراد کی حالت تشویشناک
شائع 11 جون 2025 06:45pm

پنجاب کے شہر وزیرآباد میں غیر قانونی پیٹرول کی دکان میں پیٹرول کی ٹینکی پھٹنے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جھلس گئے۔

افسوسناک واقعہ وزیر آباد کے علاقے علی پور چٹھہ کے نواحی گاؤں نوئیں والا میں پیش آیا، جہاں ایک غیر قانونی پیٹرول کی دکان مین پیٹرول کی ٹینکی پھٹنے سے زوردار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

آگ کی شدت سے ہرطرف دھویں کے بادل چھا گئے، آگ ٹینکی میں پیٹرول منتقل کرتے ہوئے لگی، آگ لگنے کے بعد ڈرائیور آئل ٹینکر کو بھگا کر دور لے گیا، جس کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

آگ کی زد میں آ کر 16 افراد جھلس گئے جن میں سے 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا جبکہ آپریشن میں ریسکیو کی 2 فائر فائٹرز ٹیموں اور 2 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔

Wazirabad

Illegal petrol shop