Aaj News

جامشورو: المنظر پل کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے 4 نوجوان ڈوب گئے

ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرکے دو نوجوانوں کو بچا لیا
شائع 09 جون 2025 10:54am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

عید کی خوشیاں سوگ میں بدل گئیں، المنظر پل کے قریب کے بی فیڈر نہر میں نہاتے ہوئے چار نوجوان ڈوب گئے، جن میں سے دو جاں بحق ہو گئے جبکہ دو کو ریسکیو اہلکاروں نے بچا لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق چاروں دوست عید کے موقع پر تفریح کے لیے نہر پر آئے تھے، جہاں نہاتے ہوئے ایک نوجوان پانی میں ڈوبنے لگا تو باقی تین نے اسے بچانے کی کوشش کی، مگر چاروں ایک دوسرے کو بچاتے بچاتے پانی کی گہرائی میں چلے گئے۔

ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو زندہ نکال لیا جبکہ دو کی لاشیں نکال لی گئیں۔ جاں بحق نوجوانوں کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نہر پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایسے حادثات بار بار پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

jamshoro

Rescue

4 Boys drowned