Aaj News

ملک کی سیاسی قیادت نے کہاں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی؟

اہم شخصیات کی ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں
اپ ڈیٹ 07 جون 2025 06:05pm
President Asif Ali Zardari Offers Eid Prayer at Aiwan-e-Sadr - Aaj News

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش، روحانی عقیدت اور سنتِ ابراہیمی کی پیروی کے جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اہم شخصیات نے بھی نمازِ عید ادا کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد صدر نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔ ان کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے بھی نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز، وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ وزیراعظم نے عوام سے ملاقات کی اور قربانی کے دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج جب قوم قربانی کر رہے ہیں تو ہمیں چاہئے کہ دھرتی کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کریں، خاص کر ہماری مسلح افواج کے بہادر سپوت جنہوں نے ایک بار پھر اپنی بے مثال جرات کو ثابت کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پروفیشنلزم اور استقلال کو ثابت کیا، ان بہادروں نے بھارتی جارحیت پر ہماری سالمیت کا تحفظ کیا اور ہماری شاندار تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی بے لوث خدمات کو سلام پیش کرتی ہے، معرکہ حق میں ہمارے معصوم شہریوں نے بھی قربانیاں دیں اور ایک متحد قوم کا پیغام دیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی۔

اڈیالہ جیل میں نمازِ عید: عمران خان شرکت نہ کرسکے

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نمازِ عید ادا کی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ میں نمازِ عید ادا کی۔ ان مقامات پر بھی نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ کینٹ میں نمازِ عید ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی، مبارکباد دی اور کہا کہ ’آج سنتِ ابراہیمی کا دن ہے، جس پر تمام عالمِ اسلام عمل پیرا ہو کر قربانی پیش کر رہا ہے۔‘

ملک بھر میں مجموعی طور پر عید کا دن روحانی ماحول، امن اور بھائی چارے کے ساتھ گزارا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر گورنر پنجاب کا قوم کے نام پیغام

لاہور: گورنر پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی اور اخوت کا درس دیتی ہے۔ یہ دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی راہ میں اپنی سب سے قیمتی چیز بھی قربان کر دی جائے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عید کا اصل پیغام صرف رسمِ قربانی نہیں بلکہ اپنے اندر ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد غریب، نادار اور مستحق افراد کا خاص خیال رکھیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے وطن عزیز میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ان کے مصائب کم کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں ان عظیم شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے ملک کی سلامتی، آزادی اور بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن رکھے اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق نصیب کرے۔

گجرات: پرویز الٰہی کی نماز عید کے بعد گفتگو — اسرائیلی بربریت، بھارتی جارحیت اور کشمیر پر دوٹوک مؤقف

لاہور/گجرات: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں، خصوصاً بچوں پر بمباری ناقابل برداشت ہے اور عالمی برادری، خاص طور پر بڑے ممالک کو اس ظلم و زیادتی کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو دلیری کے ساتھ اسرائیلی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی مدد فرمائے اور انہیں ظالموں سے نجات دے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزیوں پر بات کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جس جرأت سے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے اپنی جنگی مہارت سے ستمبر 1965ء کی یاد تازہ کر دی اور دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ بھارت پر ہماری فضائی برتری واضح ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ کو ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔ پرویز الٰہی نے مودی کو تنبیہ کی کہ وہ پاکستان کو فتح کرنے کے خواب دیکھنا بند کرے کیونکہ بھارت کی ماضی کی شکستیں اس کی یادداشت میں تازہ ہیں۔

کشمیر کے مسئلے پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اس تنازعے کا فوری اور پائیدار حل نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس مسئلے کو حل کروا سکتے ہیں تو انہیں ضرور آگے بڑھنا چاہیے، کیونکہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، پاک-بھارت تعلقات جنگی ماحول سے باہر نہیں آ سکیں گے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے پر بھی اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ پاکستان کی زراعت اور خوشحالی اس معاہدے سے جڑی ہوئی ہے۔ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کی تو یہ پاکستان کو زرعی طور پر تباہ کرنے کی کھلی سازش ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی نہیں ہوتی، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جنگ کا خطرہ ختم ہو چکا ہے۔

Eid ul Adha 2025

Namaz e Eid