Aaj News

بیلا روس نے اپنی فضائیہ کو پاکستان ایئر فورس سے ٹریننگ دلانے کی خواہش ظاہر کردی

بیلاروس کے اعلیٰ سطحی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ایئر چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
شائع 05 جون 2025 07:00pm

بیلاروس نے پاکستان ایئرفورس سے آپریشن تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے پی اے ایف سے باقاعدہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیلاروس کی ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے کمانڈر میجر جنرل آندرے یولیا نووچ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل آندرے یولیا نووچ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بیلاروس ایئرفورس اور ایئرڈیفنس کے کمانڈر نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، اس موقع پر فضائیہ اور دفاعی تعاون سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

دونوں جانب سے فضائی افواج کے درمیان قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ پاک فضائیہ بیلاروس کی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پائلٹس اور مینٹیننس عملے کی بنیادی اور تکنیکی سطح کی تربیت کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بیلاروس ایئرفورس کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بیلاروس نے پاکستان ایئرفورس سے باقاعدہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا، ایئرڈیفنس کے کمانڈر نے ایئرچیف کو بیلاروس کے اہم دفاعی یونٹس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Pakistan Air Force

Belarus

Zaheer Ahmed Babar Sidhu

Air Chief Marshal Zaheer Ahmed Baber Sidhu

Major General Andrei Yulianovich Lukyanovich