Aaj News

حکومت بتا رہی ہے کہ وہ بیساکھیوں پر آئے، اقتدار میں ہیں پر اختیار نہیں ہے، عالیہ حمزہ

عوام نے "قیدی نمبر 804" عمران خان کی کال پر لبیک کہا، چیف آرگنائزرپی ٹی آئی کی آج نیوز کے پروگرام "نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا " میں گفتگو
شائع 04 جون 2025 11:20pm
Imran Khan Vows to Lead Movement from Jail - Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ قید و بند کی صعوبتوں، پابندیوں اور ریاستی دباؤ کے باوجود عوام نے ”قیدی نمبر 804“ عمران خان کی کال پر لبیک کہا ہے، اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔

آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا کہ حکومت تحریکوں کو روکنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن ہم اُنہیں ہر سطح تک پھیلا دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں، آج وزیراعظم کا منصب بھی اُن کے لیے چھوٹا لگتا ہے۔

عالیہ حمزہ نے واضح کیا کہ یہ کوئی ڈیڈ لائن یا اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ آئین، قانون اور رول آف لا کی بحالی کی جدوجہد ہے۔ ہم کسی جاتی امرا یا بلاول ہاؤس کو بچانے کی جنگ نہیں لڑ رہے، یہ ایک نظریاتی جدوجہد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سمبڑیال الیکشن نے ثابت کیا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب بیک فٹ پر نہیں بلکہ میدان میں موجود ہے۔ حکومت ایک ایم پی اے کی سیٹ کے لیے پوری قوم کے مینڈیٹ سے کھیل رہی ہے۔ عالیہ حمزہ نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکمران اقتدار میں ضرور ہیں، مگر اختیار اُن کے پاس نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی چیف آرگنائزر پنجاب نے اپنی گفتگو میں ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے مریم نواز کو پارٹی کی سربراہی دی جبکہ پی ٹی آئی نے ایک عام کارکن کو چیف آرگنائزر بنایا، یہی ہماری پارٹی کا اصل چہرہ ہے۔

Aaj News program

alia hamza

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

News Insight With Amir Zia