Aaj News

پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے

قومی ہیرو نے گزشتہ روز ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیولین تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
شائع 01 جون 2025 10:53pm

پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، قومی ہیرو نے گزشتہ روز ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیولین تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

جیولن تھرو ایشین گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم جنوبی کوریا سے وطن واپس پہنچ گئے، فلائٹ ٹی جی 345 کے ذریعے رات ساڑھے 10 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کے والد اور فیملی ممبرز لاہور ایئر پورٹ موجود تھے جبکہ استقبال کرنے والوں میں واپڈا اور لیسکو کے حکام بھی موجود تھے۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو فائنل میں سب سے دور 86.40 میٹر کی تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔

ارشد ندیم نے 52 سال بعد ایشیئن ایتھلیٹکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا، ارشد ندیم نے 2 بھارتی ایتھلیٹس سمیت دیگر کو ہرایا۔

کامیابی پر جتنا شکر ادا کروں کم ہے، جیولن تھرور ارشد ندیم

ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو سال 2024 کا ایشیا کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا

قومی ہیرو ارشد ندیم نے اولمپکس سمیت مختلف مقابلوں میں پاکستان کے لیے 4 گولڈ میڈلز جیت رکھے ہیں۔

لاہور پہنچنے کے بعد ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، اللہ تعالی نے بڑی عزت دی ہے، 50 سال بعد ایشین گیمز میں بڑا میڈل آیا، اگلا ہدف ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ہے، پاک آرمی کے ساتھ ہوں، ہمیشہ رہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ کے لیے بھرپورتیاری کروں گا، قوم کی محبت اور پیار ہے، دعا کریں کہ ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل لوں، پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

قبل ازیں وطن روانگی سے قبل ارشد ندیم کا ایک پیغام میں کہنا تھا کہ سب کی دعاؤں سے اللّٰہ تعالیٰ نے فائنل میں کامیابی دی اور پورے پاکستان کو عزت دی۔

ارشد ندیم نے کہا کہ آج رات وطن پہنچ رہا ہوں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک اور فتح سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں گولڈ میڈل میری اور کوچ کی محنت کا نتیجہ ہے، بڑی خوشی ہو رہی ہے، پیرس اولمپکس کے بعد یہ میرا پہلا ایونٹ تھا، اللّٰہ تعالیٰ نے اس ایونٹ میں بھی پاکستان کو فتح دی۔

arshad nadeem

javelin throw

Asian Athletics Championships

Javelin Thrower

Javelin Throw Final